واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی جنرل (ر) ایچ آر مک ماسٹر نے بھی پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوے کہا کہ کہ دہشت گردی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے اور اسلام آباد بعض دہشت گرد گروہوں کو اپنی خارجہ پالیسی کے جزو کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں مک ماسٹر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے رویے سے مایوس ہیں، پاکستان بدستور دہشت گرد گروہوں کی مدد کر رہا ہے، اس نے اپنی
حدود میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی نہیں کی، یہ بلیم گیم نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ ہمارے تعلقات مزید تضادات کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے۔مک ماسٹر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یکم جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے گزشتہ 15 برسوں میں اسلام آباد کو احمقوں کی طرح 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیے لیکن بدلے میں اسے جھوٹ اور دھوکہ ملا۔