دبئی(سی پی پی) کویت کی وزارت دفاع نے بدھ کے روز تصدیق کی ہے کہ کویتی فوج کے چیف آف اسٹاف اور ان کے ہمراہ وفد بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کے دوران ہیلی کاپٹر کے ایک حادثے میں محفوظ رہا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری اخباری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد خالد الخضر اور ان کے ہمراہ وفد کو بنگلہ دیش لے جانے والا ہیلی کاپٹر سلہٹ
میں اترنے کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ شدید دھند کے باعث پائلٹ کا ویژن صاف نہیں رہا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر درختوں سے رگڑ کھا کر اپنے اترنے کے مخصوص مقام سے ہٹ گیا۔وزارت دفاع کے مطابق واقعے میں مادی نقصان ہونے کے علاوہ ہیلی کاپٹر میں سوار افراد میں صرف ایک کو معمولی چوٹ آئی ، بقیہ تمام افراد محفوظ رہے۔بعد ازاں چیف آف اسٹاف نے کویتی وزیر دفاع شیخ ناصر الاحمد الصباح کو ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں تمام افراد کی خیریت سے آگاہ کیا۔