ریاض/ اسلام آباد (این این آئی /مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی دارالحکومت پر حوثیوں کا میزائل حملہ، ریاض دھماکے سے لرز اٹھا، الیمامہ پیلس سے گہرے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، حملہ کر کے خفیہ ٹھکانوں کی جانب بھاگتے حوثیوں پر اسلامی اتحادی طیاروں کی بمباری،
22جنگجو ہلاک۔تفصیلات کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض پر حوثی باغیوں نے میزائل حملے میں الیمامہ پیلس کو نشانہ بنایا ہے۔ حوثیوں کے میزائل حملے کے نتیجے میں زوردار دھماکہ کی آواز سنی گئی ہے جبکہ الیمامہ پیلس سے گہرے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے سعودی دارالحکومت ریاض پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے کی تصدیق کی ہے۔ دھماکے کی زوردار آواز نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور سعودی شہری گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناسعودی عرب کی قیادت میں یمن میں قیام امن کے لیے سرگرم عرب اتحادی طیاروں نے سعودیہ پر حملوں میں ملوث حوثی باغیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 22جنگجو ہلاک ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ ایک فوٹیج میں حوثی باغیوں کے ایک گروپ کو سعودی عرب پرحملوں کے بعد اپنے خفیہ ٹھکانوں کی طرف جاتے دکھایا گیا ہے، اسی فوٹیج میں اتحادی طیاروں کی جانب سے حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔فوٹیج سے ظاہرہوتا ہے کہ حوثی باغیوں کو سعودی عرب پرحملوں کے وقت نشانہ بنایا گیا۔