نیویارک(این این آئی) سلامتی کونسل نے امر پر زور دیا ہے کہ لیبیا میں سیاسی حل کی تلاش جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے کہاکہ کونسل نے 17 دسمبر 2015 کو مراکش میں طے پائے جانے والے الصخیرات معاہدے کو لیبیا کا بحران حل کرنے کا واحد راستہ قرار دیاگیاہے۔مذکورہ معاہدہ لیبیا کے تمام فریقوں کو فائز السراج کے زیر قیادت وفاق کی ایک قومی حکومت تشکیل دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اگرچہ یہ حکومت دارالحکومت طرابلس اور لیبیا کے بعض مغربی شہروں میں اپنے اختیارات مستحکم کرنے میں تو کامیاب ہو گئی تاہم ملک کے وسیع علاقوں پر اس کا کنٹرول نہیں ہے۔لیبیا کے مشرق میں مستحکم منتخب پارلیمنٹ جو خلیفہ حفتر کی حمایت کرتی ہے اس نے فائز السراج کی حکومت پر اعتماد سے انکار کر دیا ہے۔سلامتی کونسل نے یہ بھی باور کرایا کہ لیبیا کے بحران کا کوئی عسکری حل نہیں۔ کونسل کے مطابق تمام فریقوں پر فائر بندی کا احترام لازم ہے جیسا کہ 25 جولائی 2017 کو پیرس میں ہونے والے مشترکہ اعلان میں مذکور ہے۔