مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطین کے صدر محمود عباس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے واشنگٹن کے سفارتخانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے اعلان کو قیام امن کی کوششوں پر کاری ضرب قرار دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی امنگوں کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا ہے۔ القدس عظیم اور قدیم فلسطینی ریاست کا درالحکومت ہے جس کی شناخت ایسے فیصلوں سے تبدیل نہیں کی جا سکتی۔غیرملکی خبررساں ادارے
کے مطابق ابو مازن کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا سفارتخانے کی منتقلی سے متعلق اعلان دراصل امریکا کا امن عمل کی نگرانی سے دست کشی کا اعلان ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلسطینی قیادت دوست ملکوں کے مشورے سے اس سلسلے میں فیصلے کرنے میں مصروف ہے اور آنے والے دنوں میں فلسطینیوں کی جانب سے معاملے کی پیروی کے لئے دوست ملکوں سے رابطے کئے جائیں گے۔