صنعاء،اسلام آباد(این این آئی،آن لائن)یمن کی جانب سے ایک بار پھر سعودی عرب کے شہر کو میزائل حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جسے سعودی افواج نے ناکام بنادیا۔سعودی میڈیا کے مطابق یمن سے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط پر میزائل داغا گیا۔عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ سعودی افواج نے یمن کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو مار گرایا۔دوسری جانب حوثی باغیوں نے اس حملے سے متعلق سعودی عرب میں فوجی ہدف
کو نشانہ بنانیکا دعویٰ کیاہے۔واضح رہے کہ نومبر میں یمن کی طرف سے سعودی عرب پر یہ دوسرا میزائل حملہ ہے، 4 نومبر کو بھی یمن کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر کیا گیا میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔سعودی میڈیا کا یہ بھی کہنا تھا کہ مارچ سے اب تک یمن سے 78 میزائل سعودی عرب میں داغے جا چکے ہیں۔دریں اثناء پاکستان نے یمن کی جانب سے سعودی عرب پر دوسرے بیلسٹک میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون اور یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور قیمتی جانوں کے نقصان کو روکنے کے لیے سعودی فورسز کی میزائل کوتباہ کرنے کے لیے بروقت کارروائی کی تعریف کرتا ہے،دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان یمن میں حکومت مخالف قوتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سعودی عرب کے خلاف حملوں سے باز رہیں۔