کابل(سی پی پی ) افغانستان میں امریکی جنرل جان نکلسن نے الزام لگا یا ہے کہ طالبان کی اعلی قیادت پاکستان میں ہے،امریکی صدرکے سخت موقف کے باوجود پاکستانی رویے میں تبدیلی نہیں آئی۔افغانستان میں امریکی جنرل جان نکلسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق بہت واضح اور صاف الفاظ میں بتادیا تھا، تاہم امریکی صدرکے سخت موقف کے باوجود پاکستانی
رویے میں تبدیلی نہیں آئی، اس کے باوجود ہم اس کے رویے میں تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پالیسی ایک گیم چینجر تھی۔جنرل نکلسن نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کی سینئر قیادت پاکستان اور نچلی قیادت افغانستان میں ہے ، پاکستان سرحد پار کارروائی کرنے والے دہشتگردوں کو ختم کرے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہم پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔