پیرس(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے فرانسیسی ہم منصب عمانوئل ماکروں نے باور کرایا ہے کہ شروع ہونے والی جنیوا بات چیت ہی شام کے تنازع کے حل کے لیے واحد قانونی فورم ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دونوں سربراہان نے اس موقف کا اظہار ایک ٹیلیفونک رابطے میں کیا۔یہ موقف شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن ڈی میستورا کے اْس اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ
شامی حکومت نے اتوار کی شام اقوام متحدہ کو بھیجے گئے ایک خط میں آگاہ کیا کہ اس کا وفد شام کے حوالے سے سیاسی مذاکرات کے نئے دور میں شرکت کے واسطے جنیوا نہیں جائے گا۔ڈی میستورا نے سلامتی کونسل کے ساتھ اجلاس کے دوران بتایا کہ شامی حکومت نے ابھی تک مذاکرات میں اپنی شرکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ڈی میستورا نے باور کرایا کہ اقوام متحدہ مذاکرات میں شرکت کے لیے شامی حکومت یا اپوزیشن کی طرف سے کسی پیشگی شرط کو قبول نہیں کرے گی۔