اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات کی حکومت نے غیر ملکی ورکروں کیلئے خصوصی قوانین متعارف کرادئیے ہیں جس کے مطابق ہراسمنٹ ،جبری مشقت اور بچوں کو گھریلو ملازم رکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔نئے قانون کے مطابق ملازمین کو تنخواہ سمیت ہر ہفتے ایک چھٹی اور سالانہ 30چھٹیوں کا حق بھی دیا گیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے امیر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے ان قوانین کی منظوری دیدی ہے ۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات غیر ملکی ورکروں پر زیادہ انحصار کرتا ہے۔انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 80لاکھ سے زائد غیر ملکی اپنی خدمات انجام دہے رہے ہیں۔یہ تعداد متحدہ عرب امارات کی کل آبادی کا 80 فیصد بنتی ہے۔نئے قوانین میں 19مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔جن میں گارڈز،مالی ،خانسامہ ،نرسیں ،ڈرائیور،گھریلو ملازمین اور دیگر شامل ہیں۔