اسلام آباد/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سفارت خانے اور پرطانوی ہائی کمشن نے اپنے شہریوں کے لئے سکیورٹی پیغامات اور ٹریول ایڈوائزری جاری کر دیئے ۔ترجمان امریکی سفارت خانے کے مطابق پاکستان میں موجود اپنے شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لئے ٹریول الرٹ جاری کیا گیاہے ۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی مخدوش صورتحال کے پیش نظر حال ہی میں جاری کردہ ٹریول ایڈوائزی ابھی بھی قابل عمل ہیں۔
ترجمان نے سکیورٹی پیغام میں کہا ہے کہ امریکی سفارت خانہ پاکستان میں اپنے شہریوں کو مطلع کرتا ہوئے کہا ہے کہ امریکی شہریوں کو ایسے علاقوں جہاں مظاہرین موجود ہیں کی جانب سفر سے احتزاز برتیں۔سکیورٹی پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی سفارت خانہ بھی اپنے سفارتی عملے کی آمد و رفت کو محدود کر رہا ہے۔پاکستان میں موجود امریکی شہری اپنے شناختی دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔برطانوی ہائی کمشن نے بھی پاکستان میں برطانوی شہریوں کے لئے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، لاہور اور کراچی سمیت پاکستان کے چند شہروں میں امن و امان کی صورت حال خاصی خراب ہے۔اسلام آباد ائرپورٹ پر بھی خلل کی غیر مصدقہ اطلاعات موجود ہیں ۔اس صورتحال کے باعث اسلام آباد اور کراچی میں برطانوی ہائی کمشن کے عملے کو اپنی غیر ضروری آمدورفت کو محدود کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔برطانوی شہریوں کو پر ہجوم جگہوں ومظاہروں اور ہنگامہ آرائی کے حوالے سے حساس علاقوں میں بھی جانے سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فارن و کامن ویلتھ آفس قبائلی علاقہ جات، شمالی و مغربی بلوچستان، اسلام آباد سے گلگت قراقرم ہائی وے،پشاور، پشاور تا چترال،لواری پاس پر سفر کی بھرپور مخالفت کرتا ہے۔فارن و کامن ویلتھ آفس برطانوی شہریوں کے چارسدہ ، کوہاٹ، ٹانک، بنوں، لکی مروت ، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، بونیر اورلویر دیر میں سفر کی بھی مخالفت کرتا ہے۔