اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ کرپشن نے سعودی عرب کو جکڑ رکھا ہے، تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نیو یارک ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ کرپشن نے سعودی عرب کو جکڑ رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ
گرفتار شہزادوں سے تفتیش کرکے لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے۔ محمد بن سلمان نے کہا کہ والد نے تخت سنبھالتے ہی کرپشن کو جڑ سے ختم کرنے کا مصمم ارادہ کر لیا تھا۔ ان کی طرف سے 2015ء میں کرپشن کے خلاف کمیٹی بنا دی گئی تھی،بنائی گئی اس کمیٹی نے دو سال میں تحقیقات مکمل کرکے 200 نام فراہم کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار شہزادے پہلے سے اپنی حکمت عملی پر گامزن تھے۔ان شہزادوں سے تفتیش کرکے تمام لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گی۔ اس سے پہلے کرپشن کے خلاف کاروائی صرف نچلی سطح پر ہوتی تھی۔سعودی کراؤن پرنس نے ایرانی سپریم لیڈر کو’مشرق وسطیٰ کا نیا ہٹلر‘ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے یورپ سے سیکھا ہے کہ جارح شخص کے مطالبات کو تسلیم کرتے جانا مناسب نہیں، عرب ٹی وی کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایک انٹرویومیں کہاکہ ایران اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع محمد بن سلمان نے انٹرویو میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ’مشرق وسطیٰ کا ہٹلر‘ قرار دے دیا ہے۔