اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے مزید 6رہنمائوں کو 71میں پاکستان کی حمایت کرنے پر جنگی جرائم کے تحت سزائے موت سنا دی گئی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے مزید 6رہنمائوں کو جنگی جرائم کے تحت 71میں پاکستان کی حمایت کرنے پر سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ ان رہنمائوں میں ایک رہنما سابق رکن پارلیمنٹ ابو صالح محمد عبدالعزیز بھی شامل ہیں۔ جماعت اسلامی کے ان رہنمائوں کو لوٹ مار ، ہندو طلبہ تنظیم کے
رہنما اور پانچ یونینز کے چیئرمین و اراکین سمیت 13افراد کے قتل میں شامل ہونےکے الزام کا سامنا تھا۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے خلاف کارروائیوں پر حکومتی ناقدین کا کہنا ہے کہ حسینہ واجد کی حکومت جنگی جرائم کے ٹربیونل کو سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ ہیومن رائٹس واچ بھی عدالتی طریقہ کار پر اپنے شدید ترین تحفظات کا اظہار کر چکی ہے ۔ حسینہ واجد کی حکمران جماعت عوامی لیگ کا کہنا ہے کہ ماضی کو دفن کرنے کے لیے جنگی جرائم کی تفتیش ضروری ہے۔