مقبوضہ بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی کابینہ کے ایک وزیر نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کے کئی عرب اور مسلم ریاستوں کے ساتھ خفیہ تعلقات ہیں جن کا نام ان ہی کی درخواست پر منظر عام پر نہیں لایا جاتا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی مسلح افواج کے سربراہ کے حال ہی میں سعودی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان نے بھی ان خفیہ روابط کے حوالے سے جلتی پر تیل کا کام کیا ۔خیال رہے کہ ماضی میں لبنانی تنظیم حزب اللہ نے بھی سعودی عرب پر الزامات لگائے تھے کہ ریاض نے اسرائیل کو ان کی جماعت کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے اکسایا
تھا جبکہ اسی طرح کا اشارہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے بھی دیکھنے میں آیا تھا۔اسرائیلی وزیر توانائی یوول اسٹینٹز نے اسرائیلی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے عرب اور دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ روابط ہیں جن میں سے زیادہ تر ممالک کے ناموں کو ان ہی کی درخواست پر خفیہ رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ان کے سامنے والے ملک نے ہی ان تعلقات کو برقرار رکھنے کیلئے انہیں خفیہ رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم سعودی عرب ہو یا دیگر عرب ممالک ہوں یا پھر کوئی بھی مسلم ملک ہو، ہم ان کی اس خواہش کی عزت کرتے ہیں۔