ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے اسرائیل کے ایک وزیر کے اس دعویٰ کی تردید کی ہے کہ ان کے ملک کی سعودی عرب سمیت کئی عرب ریاستوں کے ساتھ خفیہ تعلقات ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی ٹی وی کے نمائندے کے سوال کے جواب میں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ان کے مطابق عرب امن فارمولے پر عمل درآمد کے بعد ہی اسرائیل کے
ساتھ تعلقات قائم کرنے کی شروعات ہوسکتے ہیں۔اس سے پہلے اسرائیلی فوج کے ریڈیو سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر برائے توانائی یووال اشٹائنٹز نے کہا تھا کہ ہمارے متعدد عرب اور مسلم ملکوں کے ساتھ تعلقات ہیں، جن میں سے کچھ خفیہ ہیں۔ریاض کے ساتھ سفارتی تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا کہ تعلقات کو پوشیدہ رکھنے کی درخواست عام طور پر ’دوسری طرف‘ سے آتی ہے اور انہیں اس درخواست کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔