نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) القاعدہ نے بھارت میں ہندی،تامل اور بنگالی زبان میں لٹریچر کی اشاعت شروع کردی ،القاعدہ کے لٹریچر کی منظم انداز میں اشاعت اور بھرتیوں کیلئے باقاعدہ مہم کے آغاز نے بھارت سرکار کو ہلا کررکھ دیا اور لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق القاعدہ نے
بھارت میں پنجے گاڑنے کے لیے نظریاتی مواد کو مقامی زبانوں میں ترجمہ کرکے رسالوں،تقاریر اور واقعات کا آن لائن اجرا کیا ہے۔القاعدہ نے ہمدردوں اور مقامی لوگوں کو اپنی جماعت میں شامل کرنے کے لیے سب سے پہلے ذہن سازی کا عمل شروع کیا ہے اور اس مقصد کے لیے نظریاتی مواد کو مقامی زبانوں میں پھیلایا جارہا ہے۔بھارت میں القاعدہ کا بھرتیوں کے لیے یہ پہلا باقاعدہ منصوبہ ہے جس میں پڑھے لکھے لوگوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔ تامل زبان میں شائع لٹریچر میں ڈاکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حلب میں بمباری کے نتیجے میں ایک بچہ اپنی ایک ٹانگ سے محروم ہوجاتا ہے تو کیا کوئی اس کی مدد میں نہیں آتا۔بنگالی زبان میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی تقاریر کو ترجمہ کرکے شائع کیا گیا ہے جب کہ اس مواد میں القاعدہ جنگجوں کی صومالیہ اور شام میں ہونے والی مسلح جدوجہد کی ویڈیوز بھی شامل ہیں۔اسی طرح القاعدہ کے دیگر رہنماؤں کے مضامین اور تقاریر ہندی زبان میں انٹرنیٹ پردستیاب ہیں۔دوسری جانب القاعدہ کے لٹریچر کی منظم انداز میں اشاعت اور بھرتیوں کے لیے باقاعدہ مہم کے آغاز پربھارت سرکار کو ہلا کررکھ دیا ہے اور لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔