کولکتہ(این این آئی)مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ریاستی انتخابات سے قبل ان دیہی علاقوں میں ہر خاندان کو ایک گائے دی جائیگی جہاں پنچایت چناؤ ہونے والے ہیں۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق ریاست کے مویشی پروری وزیر سوپن دیوناتھ نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس پروگرام سے دیہی علاقوں کے خاندانوں کو خود کفیل بننے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں دودھ
پیداوار میں بڑے پیمانے پر اضافہ متوقع ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رہنے والے خاندانوں میں گائے تقسیم کرنے کا عمل جلد ہی شروع کردیا جائیگا جبکہ اگلے سال کے ابتدائی مہینوں میں اس کام کو پورا کرنے کا ہدف بھی مقرر کرلیاگیا ہے۔ مویشی پروری کے وزیر کے مطابق ریاستی حکومت ضلع کے ان خاندانوں کو گائے دیگی جو پنچایت حدود میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار اِن خاندانوں کو خود کفیل بنانے کا پہلے ہی سے پروگرام رکھتی ہے۔