بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چینی ساختہ شیاؤمی فون بھارت میں موبائل فون کا سب سے بڑا برانڈ بن گیاہے،رواں سال تیسری سہ ماہی میں بھارت میں موبائل فون کی فروخت کا حجم 92لاکھ رہا۔شیاؤ می بھارتی صارفین کی ضرورت کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔
چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے ذرائع کے مطابق بین الاقوامی ڈیٹا کارپوریشن( آئی ڈی سی )کی جانب سے گزشتہ روز کی جاری کردہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق چین کی جدید ٹیکنالوجی کے حامل کاروباری ادارے شیاؤ می کی جانب سے رواں سال تیسری سہ ماہی میں بھارت میں موبائل فون کی فروخت کا حجم بانوے لاکھ رہا ہے۔اور مارکیٹ میں اس کا تناسب23.5 فی صد رہاہے۔ اس طرح یہ برانڈ بھارت میں موبائل فون کا سب سے بڑا برانڈ بن گیاہے۔بنگلور میں شیاؤ می کمپنی کے مینیجر شیے زے یانگ نے کہا کہ می ہوم شیاؤ می کمپنی کے تحت بھارتی مارکیٹ کو توسیع دینے کے لئے نیا اقدام ہے۔جس سے بڑے پیمانے پر صارفین کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا۔شیاؤ می کمپنی کی جانب سے منصوبے کے مطابق آئندہ دو سال میں بھارت میں ایک سو شیاؤمی ہوم کھولے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ بھارتی صارفین کو می مصنوعات تک رسائی کے مواقع مل سکیں۔واضح رہے کہ شیاؤمی کمپنی 2014 میں بھارتی مارکیٹ میں داخل ہوئی تھی۔2016 تک اس کی کاروباری رقم ایک ارب امریکی ڈالرز تک جاپہنچی ہے۔