اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ہوائی جہاز کے ذریعے لمبا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خوشخبری ہے کہ اب وہ جہاز میں اپنے مخصوص کیبن میں بٹیھنے کے ساتھ ورچوئل ونڈوز کی سہولت سے کیمروں کی مدد سے باہر کی دنیا کا نظارہ کر سکیں گے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ منفرد سہولت پہلی بار ’ایمریٹس ایئر لائن‘ کے بوئنگ 777 طیاروں
میں درجہ اول کے مسافروں کے لیے تیار کی گئی ہے۔امریکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ پریس‘ کے مطابق امارات ایئرلائن نے ’بوئنگ 777‘ میں درجہ اول کے مسافروں کے لیے تیا رکردہ کمروں ایسی ورچوئل کھڑکیوں کا انتظام کیا ہے جو مسافروں کو جہاز میں لگے بیرونی کیمروں کی مدد سے باہر کی دنیا کا نظارہ کرائیں گے۔ان کیمروں کی مدد سے مسافر آسمان، جہاز کے اطراف اور زمین کو دیکھ سکیں گے۔ اس کے علاوہ ان کمروں سے مسافر جہاز کے عملے کے ساتھ براہ راست انٹرکام پر رابطہ کرسکیں گے، جہاز کے اندر کے ایئر کنڈیشن اور درجہ حرارت کے ساتھ روشنی کو بھی حسب منشاء کم زیادہ کر سکیں گے۔ایمریٹس کے چیئرمین ٹیم کلارک کا کہنا ہے کہ مسافر جہاز کے اندر فرسٹ کلاس مسافروں کے لیے تیار کردہ یہ کیبن حال ہی میں دبئی میں ہونے والی نمائش میں دکھائے گئے تاہم انہوں نے اس کیبن میں سفر کرنے کے ٹکٹ کی قیمت نہیں بتائی۔