نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں کشمیر پاکستان کا حصہ ہے جبکہ پاکستان اور بھارت کو کشمیر کے دونوں حصوں کو خود مختاری دینی چاہیے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بھارت اور پوری دنیا کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے ساتھ جو کشمیر ہے وہ پاکستان کا حصہ ہے اور جو حصہ بھارت کے ساتھ ہے وہ بھارت کا ہی ہے، یہ جنگ لڑنے کے باوجود بھی تبدیل
نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے ساتھ موجود کشمیر کے حصوں کو خود مختاری دیں۔ سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک آزاد ریاست کے طور پر نہیں رہ سکتا، ہم زمینی طور پر گھرے ہوئے ہیں، ہمارے ایک جانب چین، دوسری جانب پاکستان اور تیسری جانب بھارت ہے اور یہ تینوں ممالک ایٹمی طاقت ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ریاست نے انڈیا کے ساتھ محبت سے جڑنا چاہا تو کشمیری عوام کو دھوکا دیا گیا اور ان کے ساتھ ٹھیک طرح سے برتاؤ نہیں کیا گیا۔