برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں نیٹو افواج کے امریکی کمانڈر جنرل جان نکلسن نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کی نئی ایشیا حکمت عملی کے باوجود پاکستان کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اسلام آباد کو افغان طالبان کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔ امریکی ٹی وی کے مطابق بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں نیٹو وزرا دفاع سے بریفنگ اور میڈیا سے گفتگو میں جنرل نکلسن نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بڑی قربانی دی ہیں۔ پاک فوج نے ملک میں دہشتگردی کرنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی۔ اب اسلام آباد کو اپنی توجہ
افغان فوج اور اتحادی افواج پر حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں پر مرکوز کرنا ہوگی۔جان نکلسن نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی ایشیا حکمت عملی میں پاکستان سے افغان طالبان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، لیکن پاکستان نے تعاون نہیں کیا۔ کوشش ہے کہ پاکستان کو ساتھ لے کر چلیں اور افغانستان سے عسکریت پسندوں کا خاتمہ کریں۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان کے رویئے میں تبدیلی آجائے گی۔جان نکلسن نے شکوہ کیا کہ افغان افواج کی تربیت کیلئے یورپی اتحادی ممالک کی 3 ہزار فوج مطلوبہ تعداد سے کم ہے۔ نیٹو کو مزید فوج کابل بھیجنا ہوگی۔