قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ خلیجی ریاستوں کے لیے کوئی بھی خطرہ مصر کو خطرہ تصور کیا جائے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے یہ بات سعودی عرب اور ایران کے مابین تازہ کشیدگی میں ریاض حکومت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہی۔
شرم الشیخ میں بیان دیتے ہوئے السیسی نے کہا کہ وہ خلیجی خطے کے اپنے بھائیوں کے ہمراہ کھڑے ہیں کیوں کہ اس خطے کی سلامتی سے ان کے ملک کی سلامتی جڑی ہے۔ سعودی ایرانی کشیدگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مصری صدر نے متنبہ کیا کہ کوئی اور ملک اس معاملے میں دخل اندازی نہ کرے۔ قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ ایران یمن کے حوثی شیعہ باغیوں کو اسلحہ فراہم کر کے سعودی عرب کے خلاف عسکری جارحیت کا مظاہرہ کر رہا ہے،دریں اثناء ایران کے صدر حسن روحانی نے سعودی عرب کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ علاقائی ریاستوں کے لیے مسائل پیدا کرنے کی بجائے اپنے داخلی مسائل حل کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی کابینہ کے اجلاس میں صدر روحانی نے سعودی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی ممالک کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے اپنے اندرونی مسائل کو حل کرے۔اگر آج آپ کو داخلی مسائل کا سامنا ہے تو آپ اپنی کوششیں ان کو حل کرنے پر لگائیں کیونکہ آپ کے داخلی مسائل سے دوسروں کے لیے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انھوں نے سعودی عرب سے کہا کہ کیا آپ علاقے کے تمام ممالک کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ ایران کے کردار اور طاقت سے باخوبی واقف ہیں۔ آپ سے کہیں زیادہ بااثر طاقتیں ایرانی قوم کے خلاف کچھ نہیں کر سکی ہیں۔