استبول (این این آئی) امریکہ نے ترک شہریوں پر ویزے کی پابندیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ ترکی نے بھی امریکی شہریوں کے لئے ویزہ کے اجرا کو جزوی طور پر بحال کرنے کا عندیہ دے دیا ہے ، دونوں ممالک نے سفارتی تنازعے کے باعث ایک دوسرے کے شہریوں کو ویزہ دینے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق تر کی نے امریکی شہریوں کے لیے ویزے کا اجراء بحال کر دیا ۔ اس سے قبل ترکی میں امریکی سفارت خانے نے اعلان کیا تھا کہ ترک شہریوں کے لیے ویزا سروس جزوی طور پر بحال کی جا رہی ہے، جس کی پیر کی شب تصدیق بھی کر دی گئی۔ اسی کے رد عمل میں ترک حکومت نے بھی اب عندیہ دیا کہ امریکی شہریوں کے لیے بھی یہ سہولت بحال ہو سکتی ہے۔یہ پیش رفت دونوں ملکوں کے مابین سفارتی تعلقات میں بہتری کی عکاس ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل سفارتی تنازعے کے سبب امریکا اور پھر اس کے رد عمل میں ترکی نے ایک دوسرے کے شہریوں کے لیے ویزے جاری کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔