برسلز(این این آئی)ہسپانوی علاقے کاتالونیا کے برطرف صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ نے اپنے چار ساتھیوں سمیت خود کو بیلجیم کی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ اس سے قبل اسپین نے ان کی گرفتاری کے لیے یورپی وارنٹ جاری کیے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پوج ڈیمونٹ اور ان کی سابق حکومت میں شامل چار وزراء کو عدالت
میں پیش کیاجائیگااور عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ انہیں رہا کر دیا جائے، یا زیرحراست ہی رکھا جائے۔ کاتالونیا کے ان پانچوں علیحدگی پسند رہنماؤں کو اب اسپین میں بغاوت کے مقدمے کا سامنا ہے۔یہ بات اہم ہے کہ ایک متنازعہ ریفرنڈم کے بعد کاتالونیا کی علاقائی پارلیمان کی جانب سے آزادی کے مبہم اعلان پر میڈرڈ حکومت نے اس کی نیم خودمختار حیثیت ختم کرتے ہوئے انتظامی اختیارات اپنے ہاتھ میں لے لیے تھے۔بیلجیم
کے دفتر استغاثہ نے پوج ڈیمونٹ ان کے ساتھیوں کو حراست میں لیے جانے کے حوالے سے ایک بیان میں کہاکہ انہیں صبح نو بجکر 17 منٹ پر ان کی آزادی سے محروم کر دیا گیا۔ استغاثہ کے ترجمان کے مطابق ہم ان پانچ لوگوں کے وکلاء کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے اور انہوں نے پولیس اسٹیشن آنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے وعدے پر عمل کیا۔