نئی دہلی(آئی این پی) داعش میں شامل 100بھارتی دہشت گرد عراق و شام میں شکست کے بعد واپس بھارت پہنچ رہے ہیں، 3بھارتی دہشت گردوں کی گرفتاری پر بھارت میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیاہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان کے سراغ رساں ادارے نے گذشتہ روز ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ عراق و شام میں داعش دہشت گرد گروہ میں شامل ہونے والے ہندوستانی شہری اس گروہ کی شکست کے بعد اب ہندوستان واپس لوٹنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہندوستان کے سیکورٹی اہلکاروں کو مکمل چوکس رہنے کی ضرورت
ہے۔ہندوستان کے خفیہ ادارے نے یہ انتباہ ایسی حالت میں دیا ہے کہ ہندوستان کے پولیس اہلکاروں نے بدھ کے روز داعش دہشت گرد گروہ میں شامل ہوئے ایسے تین عناصر کو گرفتار کر لیا ہے جو ترکی کے راستے واپس ہندوستان پہنچے تھے۔ہندوستان کے سیکورٹی اہلکاروں نے جنوری دو ہزار سولہ میں ایسے 25عناصر کو گرفتار کیا تھا جو عراق و شام میں داعش دہشت گرد گروہ میں شامل ہوئے تھے۔اس سے قبل ہندوستان کے سراغ رساں اداروں نے اعلان کیا تھا کہ ہندوستان کے تقریبا سو شہری عراق و شام میں داعش دہشت گرد گروہ میں شامل ہوئے ہیں۔