واشنگٹن (این این آئی) امریکہ نے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) پر اسرائیل مخالف ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے تنظیم کی رکنیت سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ نے کہا ہے کہ یونیسکو اسرائیل کے معاملے پر جانبداری کا مظاہرہ کررہا ہے جس کی وجہ سے امریکہ تنظیم کی رکنیت سے دستبردار ہوگیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے اپنے بیان
میں کہا کہ جلد ایک مبصر مشن تشکیل دیا جائیگاجو یونیسکو میں امریکہ کی نمائندگی کرے گا۔ہیتھر نوریٹ نے کہا کہ امریکہ نے یونیسکو کی سبکدوش ہونیوالی ڈائریکٹر جنرل ایرینا بوکووا کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے یہ فیصلہ بہت غور و فکر کے بعد لیا ہے ، انہوں نے کہا کہ یونیسکو میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ یونیسکو کو اسرائیل کیخلاف متعصبانہ رویہ بھی ختم کرنا ہوگا۔