واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سابقہ امریکی صدور شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کرتے رہے ہیں جن کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور اب پیانگ یانگ سے نمٹنے کے لیے ‘صرف ایک چیز ہی کارگر ہو گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے ٹویٹ کیاکہ صدور اور ان کی انتظامیہ شمالی کوریا سے گذشتہ 25 برسوں سے مذاکرات کرتے چلے آئے ہیں، لیکن یہ بیسود رہا۔انھوں نے مزید وضاحت نہیں
کی کہ ان کا اشارہ کس چیز کی جانب ہے۔حالیہ مہینوں میں امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوتا رہا ہے، اور دونوں ملکوں کے سربراہوں نے ایک دوسرے کو کھلے عام جنگ کی دھمکیاں دی ہیں۔صدر ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ امریکہ خطے میں اپنے قومی مفاد اور اپنے اتحادیوں کے تحفظ کے لیے شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کر سکتا ہے۔گذشتہ ہفتے امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا تھا کہ امریکہ بحران کے حل کے لیے شمالی کوریا سے براہِ راست رابطے میں ہے۔ تاہم اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کی: ‘اپنی توانائیاں بچا کر رکھو، ریکس۔ ہم جو کرنا ہوا وہ کر گزریں گے!