برلن(این این آئی)جرمنی کے سابق وفاقی چانسلر گیرہارڈ شروئڈر کو روس کی نیم سرکاری لیکن سب سے بڑی تیل کمپنی روسنَیفٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔ شروئڈر کو اس کمپنی کے مالکان حصص کے ایک بڑے اجلاس میں منتخب کیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق جرمن چانسلر شروئڈرکو اس عہدے پر انتخاب کی صورت میں تقرری کی روس
کے سرکاری میڈیا نے بھی تصدیق کر دی ہے۔وفاقی جرمنی کی سیاسی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سابق حکومتی سربراہ نے بیرون ملک اور وہ بھی کسی بہت بڑے نیم سرکاری کاروباری ادارے میں اس طرح شمولیت اختیار کی ہے۔ گیرہارڈ شروئڈر کی روسنَیفٹ کے بورڈ آف گورنرز کے رکن کے طور پر انتخاب کے لیے امیدواری کی اس روسی ادارے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایگور سیچِن کی طرف سے کھل کر حمایت کی گئی تھی۔