اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا پرایک دل چسپ وڈیو کلپ گردش میں آیا جس میں ایک مراکشی شہری اپنی قومی فضائی کمپنی کے طیارے میں اکلوتے مسافر کی حیثیت سے سفر کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ یہ پرواز فرانس کے دارالحکومت پیرس سے مراکش کے مشرقی شہر وجدہ جا رہی تھی۔بین الاقوامی فضائی پروازوں کی دنیا میں نادر نوعیت کا واقعہ شمار کرتے ہوئے مراکشی مسافر نے ان تاریخی لمحات کو اپنے موبائل کیمرے کی
آنکھ میں محفوظ کر لیا۔ وڈیو میں فضا میں تیرتے ہوئے طیارے کے اندر مسافروں سے خالی نشستیں نظر آ رہی ہیں۔ اس موقع پر مراکشی مسافر نے ازراہ مذاق میں کہا کہ “میں اس طیارے میں اکلوتا مسافر ہوں۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ میں نے اس طیارے کی تمام نشستیں بُک کرا لی ہیں”۔سوشل میڈیا پر بہت سے افراد نے اتنے طویل فاصلے کی پرواز میں ایک مسافر کے ساتھ طیارے کے اڑان بھرنے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ اس کے مقابل لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس اقدام کو اور مراکش کی فضائی کمپنی کی جانب سے اپنے صارفین کے لیے خدمات اور احترام کو بھرپور انداز سے سراہا ہے۔