اسلام آباد (این این آئی) قطر نے پاکستانی شہریوں کیلئے بلا معاوضہ تیس دن کے ویزے کا اعلان کیا ہے ۔اسلام آباد میں قطر کے سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیا کہ پاکستانیوں کے قطر پہنچنے پر انہیں 30دن کا سیاحتی ویزا بغیر پیسوں کے فوری طورپر جاری کیا جائیگا جس میں توسیع بھی ہوسکتی ہے ۔یاد رہے کہ اس سے پہلے قطر نے پاکستانیوں کو قطر پہنچنے پر ویزا دینے والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا
تھااور اب قطر کی حکومت نے بغیر پیسوں کے ویزے کا اعلان کیا ہے سفارتخانے کے بیان کے مطابق قطر سفر کر نے والے پاکستانیوں کے پاس چھ ماہ کیلئے کار آمد پاسپورٹ ہونا لازمی ہوگا اس کے علاوہ مسافروں کے پاس ریٹرن ٹکٹ ٗ پانچ ہزار ر یال کے برابر رقم یا کار آمد کریڈٹ کارڈ ہونا چاہیے ۔بیان میں کہاگیا کہ تیس دن کے ویزے کیلئے کوئی رقم وصول نہیں کی جائیگی ،اس ویزے میں ریٹرن ٹکٹ کی کنفرمیشن کے بعد توسیع بھی ہوسکتی ہے ۔بیان کے مطابق پاکستان سے براہ راست قطر جانے والے مسافروں کے پاس پولیو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ہو نا چاہیے ۔پولیو سرٹیفکیٹ کا طریقہ کار حالیہ دنوں میں متعارف کرایا گیا ہے ۔