فزہو (آئی این پی)مشرقی چین کے صوبہ فوجیان میں چھاپہ مار کر پولیس نے تیل سمگل کرنیوالے گروہ کے 99مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے قبضے سے 1700ٹن سمگل شدہ تیل برآمد کرلیا ہے۔صوبائی سرحدی پولیس نے گذشتہ روز بتایاکہ سمگلنگ کے اس نیٹ ورک میں چار گینگ ملوث تھے
جو فوجیان میں جون 2016ء سے کام کررہے تھے ، ان کے پاس درمیانے سائز کے چار آئل ٹینکر بھی تھے اور یہ لوگ بڑے منظم انداز میں اپنا کاروبار چلا رہے تھے ، پولیس نے اطلاع ملنے پر اس وقت چھاپہ مارا جب کہ اس گینگ کے جہاز 11اگست کو سمگلنگ کے نئے سفر پر روانہ ہونیوالے تھے
،چھاپے کے دوران پولیس نے7 چھوٹے بحری جہازوں ،10آئل ٹینکروں اور 9زیر زمین تیل کے ذخیروں پر قبضہ کر لیا ، ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ گروہ اس سال اب تک 180000ٹن تیل جس کی مالیت 900ملین یوآن (138ملین امریکی ڈالر ) ہے سمگل کر چکا ہے ۔