لاہور ( این این آئی)میانمار کی حکومت کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں 2مذمتی قراردادیں جمع کروا دی گئیں ۔اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ برما میں آنگ سان سوچی نے فوج کے ساتھ مل کر مسلمانوں کا قتل عام کیا، اس بربریت پر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، اسلامی ممالک کے ادارے اور تنظیمیں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اس
ظلم بربریت پر مسلمانوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے جبکہ مسلمانوں کی نسل کشی کی سخت مذمت کرتے ہیں،قرارداد میں آنگ سان سوچی سے نوبل انعام واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اس نسل کشی کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔جبکہ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔