دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک ) شامی فوج اور روس سمیت اتحادیوں نے قیرابات اور مدن جدید میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ روسی ہیلی کاپٹرز نے السلامیہ میں داعش کے ٹھکانوں پر میزائل داغے۔ ٹینکوں اور بھاری توپ خانے سے بھی گولہ باری کی گئی۔روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں روس کے جیٹ طیاروں نے وسطی شام میں داعش کی گاڑیوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
حملوں سے حمس اور الیپو کے درمیان شاہراہ پر داعش کی کئی گاڑیاں اور متعدد اسلحہ ڈپو بھی تباہ ہوئے۔ وار مانیٹر کے مطابق حملوں کے بعد داعش کے جنگجو علاقہ چھوڑ کر فرار ہو رہے ہیں۔شامی فوج نے ملک کے وسطی علاقے میں داعش کے آخری ٹھکانوں کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، روسی اور شامی فضائیہ نے داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، قیرابات کے نواح میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔