اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قطر نے سعودی عرب کی جانب سے پابندیوں کے بعد بیشتر ممالک کیلئے ویزہ فری کر دیا ہے۔ انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق اب کوئی بھی پاکستانی شہری قطر کے ایئر پورٹ پر ویزہ لگوا سکے گا اور اسے پہلے سے ویزہ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ قبل ازیں قطری حکام نے اعلان کیاتھا کہ 80 ممالک کے شہری اب بغیر ویزا ان کے ملک میں داخل ہو سکیں گے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ جن ممالک کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ان میں بھارت، امریکا، برطانیہ، جنوبی افریقا، سیچیلیس، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ و دیگر شامل تھے
۔بعد ازاں پاکستان کو بھی ان ممالک میں شامل کر لیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ان ممالک کے وہ شہری جو قطر آنے کے خواہش مند ہیں انہیں پیشگی ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ قطر پہنچنے پر ایئرپورٹ پر ہی انہیں ملٹی انٹری ویزا جاری کیا جائے گا جو بالکل مفت ہو گا۔ ویزا حاصل کرنے والے افراد کو محض اپنا پاسپورٹ دکھانا ہو گا جس کے ختم ہونے کی معیاد چھ ماہ سے زیادہ ہونی چاہیئے جبکہ ساتھ ہی انہیں ریٹرن ٹکٹ بھی پیش کرنا ہو گا۔ان ملکوں کے شہریوں کو ایئرپورٹ پر ہی ویزے سے استثنیٰ کی سہولت دی جائے گی جو 180، 90 یا پھر 30 دن کے لیے اور قابل تجدید ہو گی۔