اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دلوں کی شہزادی اور ساری دنیا میں یکساں مقبول برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی موت کو 20برس کا عرصہ گزر چکا ہے مگر وہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں اسی طرح موجود ہیں جیسے ان کی مقبولیت ان کی زندگی میں تھی۔ لیڈی ڈیانا کی زندگی
اور موت بھید اور اسرار کے کئی دبیز پردوں میں دفن ہو چکی ہے ۔برطانوی شہری آج بھی لیڈی ڈیانا سے بے حد محبت کرتے ہیں جبکہ اس کے برعکس ان کے سابق شوہر شہزادہ چارلس کے متعلق شکوک و شبہات کا شکار ہیں اور لیڈی ڈیانا کی موت کی وجہ شہزادہ چارلس کی ان سے کی جانے والی بے وفائی کو سمجھتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادار ے کی رپورٹ کے مطابق شہزادی ڈیانا کی 20برسی کے موقع پر ’’یُو گوو‘‘(YouGov)کے زیر اہتمام ایک سروے میں برطانوی شہریوں کی ایک تہائی اکثریت سمجھتی ہے کہ چارلس اپنے امور احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، باقی دو تہائی کا خیال اس کے برعکس ہے۔رپورٹ کے مطابق اس سروے میں شہزادی ڈیانا کی ’سوتن‘ ثابت ہونے والی کیمیلا پارکرکی مخالفت بھی انتہاءکو چھوتی نظر آئی۔ جب برطانوی باشندوں سے سوال کیا گیا کہ آیا وہ کیمیلاپارکر کو اپنی ملکہ بنتے دیکھنا چاہتے ہیں تو حیران کن طور پر 86فیصد برطانوی شہریوں کا کہنا تھا کہ ’نہیں، ہم کیمیلا پارکر کو اپنی ملکہ کے روپ میں نہیں دیکھنا چاہتے۔“ صرف 14 فیصد لوگوں نے ان کے حق میں رائے دی۔