دوحہ (این این آئی)سوڈان نے رواں سال اکتوبر میں اسرائیل اور افریقی ممالک کی سربراہ کانفرنس کے انعقاد کو روکنے کیلئے بھرپور کوششیں کرنے کا اعلان کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق قطر میں متعین سوڈانی سفیر فتح الرحمان علی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک افریقی، اسرائیلی سربراہ کانفرنس روکنے کیلئے بھرپور سفارتی کوششیں کررہاہے۔ ہم اس کانفرنس کا انعقاد روکنے کیلئے پرعزم ہیں۔دوحہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوڈانی سفیر نے کہا کہ فلسطین اور
اسرائیل کے حوالے سے خرطوم کا موقف واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ان کا ملک اسرائیل اور افریقی ملکوں کے درمیان مفاہمتی معاہدوں کیخلاف ہے۔ ہم افریقی ممالک اور اسرائیل کے درمیان اکتوبر میں ہونے والی سربراہ کانفرنس روکنے کے لیے بھرپور سفارتی جنگ لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل۔ افریقی سربراہ کانفرنس کے میزبان ملک توگو کو خبردار کیا گیا ہے کہ اس نوعیت کی کانفرنس کے خطے کی سلامتی اور ممالک کے باہمی تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔