بیجنگ(این این آئی)چین نے کہا ہے کہ امریکی حکام نے وائٹ ہاوس کے ایک بیان میں چین کا نام غلط لکھنے پر معذرت کرلی ہے۔گزشتہ ہفتے جرمنی کے شہر ہیم برگ میں جی-20 سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور چین کے صدر ڑی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے بعد وائٹ ہاوس نے جو اعلامیہ جاری کیا تھا اس میں صدر جن پنگ کوپیپلز ری پبلک آف چائنا کے بجائے صرف ری پبلک آف چائنا کا
صدر لکھا گیا تھا جس پر چین نے سخت احتجاج کیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کا سرکاری نام پیپلز ری پبلک آف چائنا ہے جب کہ ‘ری پبلک آف چائنا’ تائیوان کا سرکاری نام ہے جسے چین اپنا ایک صوبہ قرار دیتا ہے۔تائیوان کے معاملے پر چین کی حکومت خاصی حساس ہے اور بین الاقوامی برادری کے تائیوان کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات کی حوصلہ شکنی کرنا چین کی خارجہ پالیسی کا بنیادی نکتہ ہے۔