اسلام آباد (نیوز ڈیسک) افغان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے جلد کابل کا دورہ کرے گا جس میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے پر عمل درآمد کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی ۔جمعرات کو افغان ٹی وی طلوع نیوز کے مطابق نائب صدارتی ترجمان دوا خان منپال
کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مشیر خارجہ برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد جلد کابل کا دورہ کرے گا اس دوران دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے پر عمل درآمد سے متعلق مذاکرات ہونگے ۔صدر اشرف غنی نے چینی صدر شی جن پنگ اور پاکستانی وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کے بعد ایک نیا باب کھول دیا ہے ۔چینی وزیر خارجہ نے بھی پاکستان اور افغانستان کا دورہ کیا ہے امید کرتے ہیں کہ ان مذاکرات سے افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعاون کے ایک نئے باب کو قائم کرنے میں مدد ملے گی ۔افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے نائب ترجمان جاوید فیصل کا کہنا ہے کہ پہلا وفد پاکستان سے آئے گا اور مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔نائب ترجمان کا کہنا ہے کہ امن عمل میں پاکستان سے ہمیں جو امیدیں ہیں انھیں پورا کیا جانا چاہیے ۔اس دوران سی ای او کے دفتر نے امید ظاہر کی کہ چین کی مدد سے افغانستان اور پاکستان کے درمیان معاملات کو حل کیے جاسکتے ہیں۔