کابل(این این آئی) افغانستان میں بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعات میں ایک جج کے علاوہ بگرام ایئربیس کے 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ پروان کے ضلع بگرام میں نامعلوم افراد کے حملے میں امریکی فوجی ہوائی اڈے کے 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔ صوبائی گورنر کی ترجمان واحدہ شاہکار نے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکار
ڈیوٹی کیلئے بگرام جارہے تھے کہ راستے میں ان کے قافلے کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ بگرام ایئرفیلڈ افغانستان میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ بھی ہے۔دوسری جانب مشرقی صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں بم دھماکے کے نتیجے میں جج ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ جج کی گاڑی میں نصب مقناطیسی بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں جج اور ان کے دو بھائیوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جج شیر رحمان ہلاک ہوگئے۔اب تک ان دونوں حملوں کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی تاہم ماضی میں افغان سیکیوریٹی فورسز پر طالبان افغانستان کی جانب سے حملے کیے جاتے رہے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق ننگرہار میں حال ہی میں داعش کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ادھر دارالحکومت کابل سے نامعلوم مسلح افراد نے ایک امریکی شہری کو اغوا کرلیا ہے۔ افغان ذرائع ابلاغ نے مغوی امریکی کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے تاہم اتنا ضرور بتایا گیا ہے کہ وہ عالمی بینک کے ایک منصوبے پر افغان وزارت زراعت میں کام کررہا تھا۔