پیرس (این این آئی) متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے کہا ہے کہ خلیجی عرب ممالک کے ساتھ تنازع کے نتیجے میں قطر کی تنہائی کئی سال تک جاری رہ سکتی ہے۔قرقاش نے پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم صورت حال کو زیادہ سنگین نہیں بنانا چاہتے بلکہ قطر کو تنہائی کا شکار کرنا چاہتے ہیں ۔قطر سے عرب ممالک کو درپیش شکایات کی ایک فہرست آئندہ دنوں میں تیار کرلی جائے گی۔
انہوں نے اپنی اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ قطر کی سرگرمیوں کے جائزے کیلئے مغرب کا نگرانی کا نظام ہونا چاہیے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ قطر کے دہشت گردی سے متعلق کردار میں تبدیلی آ چکی ہے۔ترکی ابھی تک قطری بحران میں غیر جانبدار رہنے کی کوشش کررہا ہے اور توقع ہے کہ انقرہ دانشمندی کا مظاہرہ کریگا اور اس بات کا ادراک کرے گا کہ اس کا مفاد دوحہ کے خلاف اقدامات کی حمایت سے وابستہ ہے۔