کابل (این این آئی)ادویات میں استعمال ہونے والے 60 ٹن افغان پودوں سے بھرے طیارے کی بھارت روانگی کے ساتھ ہی بھارت اور افغانستان کے درمیان ہوائی کارگو سروس کا آغاز ہوگیا۔گزشتہ روز روانہ کیے گئے 50 لاکھ ڈالر مالیت کے پہلے کارگو کے بعد دونوں ممالک کے حکام پرامید ہیں کہ یہ سروس پاکستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے باعث تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹ پر قابو پانے اور
افغانستان اور بھارتی کمپنیوں کو مزید سہولیات فراہم کریگی۔افتتاحی پرواز کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد افغانستان کو برآمد کنندہ ملک میں تبدیل کرنا ہے۔اشرف غنی کے مطابق جب تک ہم برآمد کرنے والا ملک نہیں بن جاتے، غربت اور عدم استحکام کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔دوسری جانب بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی کارگو سروس غیرملکی مارکیٹ سے افغانستان کے محدود رابطے کو بہتر بنانے میں مدد دیگی اور طالبان جنگ میں مصروف ملک کی زرعی اور قالین کی صنعتوں کی پیداوار میں بھی اضافہ کرے گی۔اس موقع پر افغانستان میں بھارت کے سفیر من پریت ووہرا نے کہا کہ مارکیٹ کے مطالبے کے مطابق جیسے جیسے یہ کوریڈور کارگو پروازوں کے نیٹ ورک کی صورت اختیار کریگا ہم مختلف انداز میں افغانستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس قسم کے بڑے منصوبوں میں کچھ مسائل سامنے آتے ہیں تاہم ہمارا سفارت خانہ اور حکومت افغان ٹیم کے ساتھ ان مسائل پر ساتھ کام کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے۔