طرابلس(این این آئی)لیبیا کے سکیورٹی حکام نے کہاہے کہ مانچسٹر دھماکے کی منصوبہ بندی دسمبر سے کی جا رہی تھی جس میں 22 افراد ہلاک ہوئے،حملے سے قبل سلمان عبیدی پر لیبیا میں کم از کم ایک ماہ تک نگرانی کی گئی۔لیبیا کے سکیورٹی حکام نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایاکہ حملے سے قبل سلمان عبیدی پر لیبیا میں کم از کم ایک ماہ تک نگرانی کی گئی۔
انہوں نے کہاکہ برطانیہ کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس قسم کے حملوں کا تدارک کیا جا سکے۔لیبیا کے حکام کا کہناتھاکہ لیبیا میں آمد پر سکیورٹی حکام سلمان پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ حکام کا کہناتھا کہ سلمان کے ساتھ ساتھ ان کے بھائی ہاشم اور والد رمضان کی بھی نگرانی کی جا رہی تھی۔لیبیا کے حکام کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز روزانہ ہاشم عبیدی اور رمضان عبیدی کی تفتیش کر رہی ہیں۔لیبیا کے سکیورٹی حکام کا کہناتھا کہ ان کے پاس سلمان کے برطانیہ اور لیبیا میں سرغنہ کے بارے میں اہم معلومات تھیں۔ تاہم ان کا کہنا تھاکہ سکیورٹی امور پر ان کے امریکہ کے ساتھ زیادہ قریبی تعلقات بہ نسبت برطانیہ کے۔انہوں نے کہاکہ ہاشم عبیدی نے حراست میں اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے سلمان کے ساتھ 2015 میں اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔حکام کا کہنا تھا کہ سلمان نے بم بنانے کا سامان برطانیہ میں خریدا تھا۔