پیرس(این این آئی)قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہاہے کہ حالیہ سفارتی بحران کی اصل وجوہات کے بارے میں علم نہیں ہے لیکن اتنا معلوم ہے کہ بحران کی وجہ نہ تو ایران ہے اور نہ ہی الجزیرہ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پیرس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ قطر مذاکرات کے لیے تیار ہے اور خلیج کی سکیورٹی کے حوالے سے جو بات چیت کرنی ہے اس کے لیے تیار ہے۔قطر کے وزیر خارجہ نے
پریس کانفرنس میں مزید کہاکہ خارجہ امور سے تعلق رکھنے والی باتیں کے بارے میں کسی کو بات کرنے کا حق نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ قطر پر لگائے جانے والے الزامات پر بات چیت واضح بنیادی اصولوں پر ہونی چاہیے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک قطر کا اندرونی معاملہ ہے اور قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے اور اس پر پابندیاں لگانے والے ممالک کے ساتھ اس میڈیا نیٹ ورک کی قسمت کے بارے میں کوئی بات نہیں کی جائے گی۔قطر کے اندرونی معاملات کے حوالے سے فیصلے قطر کی خود مختاری کے فیصلے ہیں اور کسی کو ان میں دخل اندازی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔