نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں ملک کے سب سے طویل دریائی پل کا افتتاح کردیاگیا، شمال مشرقی صوبہ آسام میں واقع اس پل کے بن جانے سے بھارتی بری افواج کے لیے چین کی سرحد تک پہنچنا اب کافی آسان ہو جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے شمال مشرقی صوبہ آسام میں برہم پتر ندی پر تعمیر بھارت کے سب سے بڑے دریائی پل دھولہ۔سعدیہ کا افتتاح کیا۔
انہوں نے بعد میں اس کا نام معروف موسیقار اور گلوکار آنجہانی بھوپین ہزاریکا کے نام پر رکھنے کا اعلان کیا۔ ہزاریکا اسی علاقہ کے رہنے والے تھے اور انہوں نے اپنی موسیقی کے ذریعہ برہم پترکو دنیا میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اس پل کی لمبائی نواعشاریہ دو کلومیٹر ہے اور یہ ممبئی میں بحیرہ عرب پر واقع باندرہ۔ورلی سی لنک سے تیس فیصد زیادہ طویل ہے۔ اس پر 2056 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ دھولہ سعدیہ پل کا ایک سرا آسام کے دارالحکومت گوہاٹی سے پانچ سو چالیس کلومیٹر دور اور دوسرا سرا دھولہ میں ہے، جو اروناچل پردیش کے دارالحکومت ایٹانگر سے تین سو کلومیٹر کی دوری پر ہے۔ جب کہ چین کی سرحد سے اس پل کی دوری محض ایک سوکلومیٹر ہے۔