دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے قطر کے تمام میڈیا ذرائع کی ویب گاہوں پر پابندی عائد کردی ہے۔وزارت خارجہ کے ایک ذریعے نے بدھ کے روز اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ یواے ای نے یہ اقدام سعودی حکام کی جانب سے قطری خبررساں اداروں اور ٹی وی چینلز کی ویب گاہوں پر پابندی کے بعد کیا ہے۔سعودی عرب نے الجزیرہ ، قطر نیوز ایجنسی ، الوطن ، الرایا ، العرب ،الشرق اور الجزیرہ میڈیا گروپ ، الجزیرہ ڈاکومینٹری ، اور الجزیرہ انگلش پر پابندی عاید کردی ہے۔
ان ٹیلی ویژن چینلز کی نشریات اور اخبارات اور خبررساں ایجنسیوں کی ویب گاہوں کو سعودی عرب کے بعد اب متحدہ عرب امارات میں بھی نہیں دیکھا جاسکتا۔ ان دونوں ملکوں نے قطر کی خبری ویب گاہوں پر پابندی کا فیصلہ امیر قطر شیخ تمیم کے منگل کی شب جاری کردہ متنازع بیانات کے ردعمل میں کیا ہے۔قطر نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ان بیانات میں انتہا پسند گروپوں کی حمایت کی گئی ہے اور بحرین میں رونما ہونے والے واقعات کو مزید سلگانے کی کوشش کی گئی ہے۔