بیجنگ (آ ئی این پی ) چین نے جنوبی کوریا میں امریکی تھاڈ نظام کی تنصیب پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل نظام کی تنصیب فوری طور پر روک دے ورنہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے دوران کہا کہ چین جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل نظام کی تنصیب کی مخالفت کرتا ہے
اور متعلقہ فریقین پر زور دیتا ہے کہ اس نظام کی تنصیب فوری طور پر روکی جائے۔ انہوں نے کہا اگر اسے نہ روکا گیا تو پھر چین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ واضح رہے چین کی طرف سے یہ مطالبہ واشنگٹن کے اس اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جنوبی کوریا میں اس کے میزائل دفاعی نظام نے کام شروع کر دیا ہے۔