سرینگر(این این آی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر موجودہ باڑ کی جگہ نئی سمارٹ باڑ نصب کرنے کا کام تیز کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نئی باڑ کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔2003اور2005کے درمیان لگائی گئی موجودہ باڑ دو رویہ خاردار تاروں پر مشتمل ہے۔ ایک سینئر افسر نے نئی دہلی میں صحافیوں کو بتایا کہ برف کی وجہ سے موجودہ باڑ کی مرمت پر زیادہ لاگت آتی ہے اور اسے ہرسال مرمت کی ضرورت پڑتی ہے
۔ انہوں نے کہاکہ نئی مجوزہ باڑ سے چوبیس گھنٹے نگرانی کی جاسکے گی۔انہوں نے کہاکہ فوج نے آزمائشی طورپر اس باڑ کو پچاس کلومیٹر کے ٹکڑے پر نصب کردیا ہے اور اب اس کو فوج کے انجینئرنگ کور کے ذریعے پوری کنٹرول لائن پر نصب کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سمارٹ باڑ 700کلومیٹر طویل کنٹرول لائن پر نصب کی جائے گی جس میں سینسر لگے ہونگے اور اسے کنٹرول لائن کی بہترنگرانی میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اس باڑ پر ایک ارب روپے کی لاگت آئے گی۔