چنائی(این این آئی ) بھارتی شہر چنائی میں ملنے والی بریانی میں بلیوں کا گوشت استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی شہر چنائی میں بریانی کے اندر چکن ، بیف یا مٹن نہیں بلکہ لوگوں کی گمشدہ بلیوں کا گوشت استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کا پتہ تب چلا جب چنائی کی رہائشی شمیم بانو کی 2پالتو بلیاں اچانک گم ہو گئیں
جن کو تلاش کرتے ہوئے وہ پلوارام میں خانہ بدوش کے گھرپہنچی جہاں ایک شخص نے بلیوں کو پنجرے میں بند کیا گیا تھا جبکہ بعض بلیاں بوریوں میں موجود تھیں جس پر اس نے وہاں موجود شخص سے بلیاں پیسوں کے عوض واپس کرنے کا مطالبہ کیا مگر اس نے کہا کہ جلد ہی یہ بلیاں بریانی میں ڈال دی جائیں گی ۔شمیم بانو نے یہ سن کر نواحی علاقے کے رہائشی جس کی اپنی بلیاں بھی گم ہوئی تھیں کو ساتھ لیا ، جانوروں کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے افراد کی مدد لی اور پولیس کے پاس پہنچ گئی۔جس کے بعد پولیس نے پیپل فاراینیملز (پی ایف اے) کے کارکنوں کے ساتھ ملکر پلوارام کے علاقے سے16گم شدہ بلیوں کو بازیاب کرالیا ۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انہیں مختلف لوگوں کی جانب سے پالتو بلیاں گم ہونے کی اطلاعات مل رہی تھیں جس پر کارروائی کی گئی اور پلوارام کے علاقے میں پنجرے سے 16بلیوں کوبازیاب کرایا جن کے تلوؤں پر زخم تھے ۔جانوروں کا تحفظ کرنے والے کارکنوں کا کہنا تھا کہ خانہ بدوش مقامی قصابوں کو بلیوں کا گوشت سپلائی کرتے ہیں ۔بلیوں کا گوشت پلوارام کے جمعہ بازار میں کھلے عام فروخت ہوتا ہے مگرحقیقت یہ ہے کہ اسے مٹن بریانی میں استعمال کیا جاتا ہے ۔