صنعاء(این این آئی)انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی دو تنظیموں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یمن میں لڑنے والے سعودی اتحاد کا نام ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا جائے جو جنگ کے دوران بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم سیو دا چلڈرن اور واچ لسٹ آن چلڈرن اینڈ آرمڈ کنفلکٹ کی ایک رپورٹ میں کہا
گیا کہ گذشتہ دو سالوں کے دوران ہسپتالوں اور عملے کے ارکان پر کم از کم 160 حملے کیے گئے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یمن میں لڑنے والے سب کے سب اس میں شامل ہیں۔ان دو تنظیموں کی جانب سے جاری ہونے والی اس رپورٹ میں ان دو بچوں کی ہلاکت کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جو سعودی اتحاد میں لڑنے والی افواج کے فضائی حملے میں ہسپتال تباہ ہونے اور آکسیجن کی کمی کے باعث دم توڑ گئے تھے۔