اسلام آباد /نئی دہلی (آئی این پی)پاکستان کے علاوہ بھارت سمیت کئی ممالک کے میڈیا نے پاناما کیس کے فیصلے کو بریکنگ نیوز کے طور پر جاری کیا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پاکستان کے علاوہ بھارت اور چین سمیت کئی ممالک کے میڈیا نے پاناما کیس کے فیصلے کو بریکنگ نیوز کے طور پر جاری کیا۔بھارتی خبررساں ادارے اور ٹی وی چینلز نے پاناما کیس کے فیصلے کو خصوصی کوریج دی ۔پاکستانی میڈیا نے پاناما لیکس کے فیصلے کے حوالے سے
صبح سے ہی اپنی خصوصی نشریات شروع کردی تھیں اوراس دوران مختلف تجزیہ کار تبصرے کرتے اور کیس کے حوالے سے اندازے لگاتے رہے ۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دائر درخواستوں پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا حکم دیا ہے ۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے کورٹ روم نمبر 1 میں پاناما لیکس کے معاملے پر آئینی درخواستوں کا فیصلہ سنایا۔