دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد العسیری نے کہا ہے کہ ایران نے یمن سے سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازش تیار کی تھی اور ایران سعودی عرب پر بڑا اور خوفناک حملہ کرنا چاہتا تھا۔انھوں نے اس بات کا انکشاف ایک انٹرویو میں کیا۔انھوں نے کہا کہ اس سازش کا آغاز یمنی سرحد سے کیا گیا تھا اور اس کے جواب میں سعودی عرب
اور عرب ممالک پر مشتمل اتحاد کی فورسز نے مملکت کے دفاع کے لیے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف اور صدر عبد ربہ منصور ہادی کی قیادت میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے دفاع کے لیے مداخلت کی تھی۔ وہ مارچ 2015 سے جاری آپریشن فیصلہ کن طوفان کا حوالہ دے رہے تھے۔احمد العسیری نے بتایا کہ ایران نے اپنے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے مقامی ملیشیاں کو استعمال کرنے کی کوشش کی تھی۔